واقعۂ کربلا تاریخِ انسانی کا وہ عظیم الشان اور لافانی باب ہے جو محض چند ہستیوں کی قربانی کا قصہ نہیں بلکہ بقائے اسلام حریتِ فکر اور نظامِ حق کی بحالی کا ایک آفاقی اور ابدی فلسفہ ہے۔ پورے ماہِ محرم الحرام کو محیط کرتی ہوئی "فلسفۂ شہادتِ کربلا" پر یہ روزانہ کی بنیاد پر ایک طویل دلسوز اور عالمانہ و فصیح سلسلے کی پہلی قسط صورت میں پیشِ خدمت ہے۔
فلسفۂ شہادتِ کربلا ایک آفاقی تناظر
قسط اول
تمہیدِ شوق استقامتِ حق کا ازلی و ابدی منشور
ہلالِ محرم کا افقِ عالم پر نمودار ہونا ایک نئے اسلامی سال کے آغاز کا اعلامیہ نہیں ہے بلکہ یہ کائناتِ قلب و نظر پر ایک ایسے حزنِ ملکوتی اور اندوہِ سرمدی کا نزول ہے جو جمود کا شکار روحوں کو جنجھوڑ کر رکھ دیتا ہے۔ فلسفۂ شہادتِ کربلا کو سمجھنے کے لیے عام مادی موازین دنیاوی سیاسی پیمانے اور عقلِ عیار کے خود ساختہ فلسفے قطعی طور پر ہیچ اور ناپائیدار ہیں۔ یہ عظیم معرکہ کوئی دو شہزادوں کی باہمی آویزش یا دو قبیلوں کے مابین حصولِ اقتدار کی روایتی جنگ نہ تھا بلکہ یہ اس "تضادِ ازلی و ابدی" کا وہ نقطۂ عروج تھا جہاں ایک طرف سطوتِ مادی جبرِ ملوکیت بوالہوسیِ یزیدیت اور تحریفِ دین کا سیلابِ بلا تھا اور دوسری طرف فقرِ محمدی طہارتِ علوی صبغتِ الٰہیہ اور تسلیم و رضا کی وہ حسینی معراج تھی جس پر انسانیت ہمیشہ ناز کرے گی۔
اس معرکے کے فکری پس منظر پر غور کیا جائے تو یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہوتی ہے کہ رسالتِ مآب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے جس عادلانہ اخلاقی اور الٰہی نظامِ حکومت کی بنیاد مدینۃ المنورہ میں رکھی تھی اس کا جوہرِ خاص 'تقویٰ'، 'عدلِ مطلق' اور 'شورائیت' تھا۔ لیکن خلافتِ راشدہ کے سنہری دور کے بعد اسلام کے سیاسی و سماجی ڈھانچے میں ایک مہیب اور مصلحت پسندانہ انحراف پیدا ہو رہا تھا جہاں دینِ مبین کو ملوکیت (Monarchy) کی مصلحتوں اور مٹیالے مفادات کے تابع کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی تھی۔ یزید کا تختِ اقتدار پر متمکن ہونا ایک فرد کی تبدیلی یا کسی حاکم کا عزل و نصب نہ تھا بلکہ یہ اسلامی اقدار کے مسخ ہونے شریعتِ مطہرہ کے حلال کو حرام اور حرام کو حلال کرنے کی ایک جابرانہ استبدادی اور فکری ارتداد کی ابتدا تھی۔ یہ ایک ایسا نازک موڑ تھا جہاں ملوکیت وحیِ الٰہی پر غالب آنے کی ناکام تگ و دو کر رہی تھی۔
ایسے فکری و عملی انحطاط کے تاریک دور میں اگر امامِ عالی مقام سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام مصلحتوں کا شکار ہو کر خاموشی اختیار فرما لیتے یا جابر سلطان کی بیعت کر لیتے، تو ملوکیت کا یہ غاصبانہ فاسقانہ اور غیر اسلامی اندازِ حکمرانی ہمیشہ کے لیے "عینِ دین" اور سنتِ اسلاف سمجھ کر قبول کر لیا جاتا اور اصل اسلام مسخ ہو جاتا۔ چنانچہ، نواسۂ رسول ﷺ کا مدینۂ منورہ کو خیرباد کہنا مکہ معظمہ میں عارضی قیام اور پھر وہاں سے عراق کی طرف رختِ سفر باندھنا، کسی مادی اقتدار کی ہوس دنیاوی جاہ و جلال کی طلب یا خروجِ باغیانہ کے تحت نہ تھا بلکہ اس سنگین اور پرآشوب سفر کا واحد اور حقیقی مقصد "امر بالمعروف و نہی عن المنکر" اور امتِ جدِ امجد کی فکری و اخلاقی اصلاح تھا۔ آپ کا یہ اقدامِ جلیل کائنات کے ضمیر کے نام ایک ابدی پیغام تھا کہ جب دینِ الٰہی کی بنیادیں ہلائی جا رہی ہوں اور ضمیرِ انسانی کا سودا ہو رہا ہو، تو زندگی بچانے کی جدوجہد سے زیادہ اہم اصولِ زندگی کو بچانا ہوتا ہے۔
اس آفاقی فلسفے کا سب سے دلسوز رقت آمیز اور جگر گداز پہلو یہ ہے کہ امامِ وقت جو دوشِ رسول ﷺ کے سوار اور جوانانِ جنت کے سردار تھے اپنے مٹھی بھر جانثاروں، وفادار رفقاء اور مخدراتِ عصمت (خواتینِ اہلِ بیت) کے ہمراہ اس دشتِ بلا اور مقتل کی طرف بڑھ رہے تھے جہاں مادی اسباب کے نام پر صرف تپتی ہوئی ریت العطش کی صدائیں، بے دردی سے کٹنے والے سر اور نیزوں کی انیاں تھیں۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ اس سفر کا ظاہری انجام شہادت، پامالیِ اجساد اور آلِ رسول ﷺ کی اسیری ہے. سیدنا امام حسین علیہ السلام کے عزمِ صمیم اور استقلالِ کامل میں ایک لمحے کے لیے بھی لغزش یا تذبذب کا پیدا نہ ہونا ہی وہ حسینی فلسفہ ہے جسے دنیا کی عقلِ مادی سمجھنے سے قاصر ہے۔ یہ وہ مقامِ عشقِ الٰہی ہے جہاں عبد اپنے معبود کی رضا کے سامنے اپنی ہستی کو مٹا کر فنا فی اللہ کے مرتبے پر فائز ہو جاتا ہے۔
یہ اس طویل اور فکری سلسلے کا پہلا فکری و فلسفیانہ دیباچہ ہے۔ کل دوسری قسط میں ہم مدینہ منورہ سے روانگی کے وقت امام عالی مقام علیہ السلام کے خطبات کے باطنی سوز اہل مدینہ کے اضطراب، اور "عزمِ حسینی" کے پوشیدہ الٰہی اسرار و رموز پر تفصیلی، عالمانہ اور دلسوز گفتگو کریں گے۔
کیا عورت ہی عورت کی دشمن ہے؟
از قلم: حفصہ زنیر
عورت ہی عورت کی دشمن یا زخموں کی ایک نسل در نسل چلنے والی کہانی
جب بھی کسی ساس بہو میں اختلاف ہوتا ہے، نند اور بھابھی میں مسائل پیدا ہوتے ہیں یا ایک ماں اپنی بیٹی اور بیٹے میں فرق کرتی نظر آتی ہے تو فوراً ایک جملہ سننے کو ملتا ہے، کہ عورت ہی عورت کی دشمن ہے مگر کیا واقعی ایسا ہے؟
کبھی غور کیجیے، ایک عورت جب دنیا میں آتی ہے تو وہ دشمنی سیکھ کر نہیں آتی بلکہ وہ تو محبت، قبولیت، توجہ اور عزت کی اتنی ہی طلب گار ہوتی ہے جتنا کوئی اور انسان ہوتا ہے۔ پھر آخر ایسا کیا ہوتا ہے کہ بعض اوقات وہی عورت دوسری عورت کے لیے تکلیف کا سبب بن جاتی ہے؟
نفسیات ہمیں بتاتی ہے کہ انسان اپنے زخموں سے دو طرح کا سلوک کرتا ہے یا تو وہ ان کا علاج کرتا ہے یا پھر انجانے میں انہیں دوسروں تک منتقل کر دیتا ہے۔
ایک ماں جس نے ساری زندگی یہ سنا ہو کہ بیٹا خاندان کا سہارا ہے اور بیٹی بوجھ، وہ لاشعوری طور پر اپنی بیٹی کی پرورش بھی اسی خوف اور سماجی دباؤ کے ساتھ کرتی ہے۔ وہ بیٹی سے محبت کم نہیں کرتی مگر اسے آزادی دینے سے ڈرتی ہے۔ اس کو لگتا ہے کہ سختی، برداشت، چپ رہنا شاید تحفظ کا دوسرا نام ہے۔
ایک ساس جس نے اپنی جوانی میں بے شمار نا انصافیاں برداشت کی ہوں، وہ اکثر یہ سمجھ بیٹھتی ہے کہ ہم نے بھی تو یہ سب سہا تھا، برداشت کرنا ہی عورت کی تقدیر ہے۔ جب بہو اپنے حقوق کی بات کرتی ہے تو اسے اپنی جوانی کے دبے ہوئے زخم یاد آنے لگتے ہیں۔ بہو کی آواز اسے نافرمانی نہیں بلکہ اپنے ماضی کی محرومیوں کا آئینہ محسوس ہوتی ہے۔
کبھی کبھی نند، جیٹھانی، دیورانی یا سوتن کے رشتوں میں بھی مسئلہ نفرت سے زیادہ عدم تحفظ کا ہوتا ہے۔ اس کی اکثر وجہ یہ ہوتی ہے کہ معاشرہ عورتوں کو ایک دوسرے کا ساتھی بنانے کے بجائے ایک دوسرے کا حریف بنا دیتا ہے۔ محدود اختیارات، توجہ کی خواہش، عدم تحفظ اور سماجی دباؤ ان رشتوں میں تناؤ پیدا کرتے ہیں انسان کو جب محبت، توجہ یا اہمیت محدود محسوس ہونے لگے تو وہ دوسروں کو اپنا حریف سمجھنے لگتا ہے۔ افسوس یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں اکثر عورتوں کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ ان کی جگہ، عزت اور اہمیت کسی دوسری عورت کی اہمیت پر قائم ہوگی۔
یوں ایک ایسی جنگ شروع ہو جاتی ہے جس میں اصل دشمن کوئی ایک فرد نہیں ہوتا بلکہ وہ وجوہات ہوتے ہیں جو دلوں میں برسوں سے پل رہے ہوتے ہیں۔
سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ بعض اوقات ایک عورت دوسری عورت کو وہی درد دیتی ہے جس کی تکلیف وہ خود کبھی محسوس کر چکی ہوتی ہے۔ گویا زخم بھرنے کے بجائے وراثت میں منتقل ہوتے جاتے ہیں لیکن کہانی کا دوسرا رخ بھی ہے۔
ہر وہ ماں جو اپنی بیٹی پر اعتماد کرتی ہے، ہر وہ ساس جو بہو کو بیٹی جیسا احترام دیتی ہے، ہر وہ نند جو بھابھی کا سہارا بنتی ہے اور ہر وہ عورت جو دوسری عورت کی کامیابی پر دل سے خوش ہوتی ہے، وہ اس پرانی روایت کو توڑ رہی ہے۔
اصل مسئلہ عورت یا مرد کا نہیں ہے بلکہ وہ سوچ اور نظام ہے جو ناانصافی کو روایت بنا رہا ہے۔ جب ایک نسل اپنے زخموں کا علاج کرنے کے بجائے انہیں اگلی نسل کو منتقل کر دیتی ہے تو نفرت اور تفریق کا یہ سلسلہ چلتا رہے گا۔
مسئلہ یہ نہیں کہ عورت عورت کی دشمن ہے بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ عورتوں کو صدیوں سے اتنے جذباتی زخم دیے گئے ہیں کہ بعض عورتوں نے انہی زخموں کو اپنا طرزِ زندگی بنا لیا لیکن تبدیلی اس دن شروع ہوگی جب ایک عورت یہ فیصلہ کرے گی کہ جو درد اسے ملا تھا، وہ اسے آگے منتقل نہیں کرے گی۔ وہ اپنے زخموں کو وراثت نہیں بنائے گی بلکہ ان کا علاج کرے گی کیونکہ شفا یافتہ دل دوسروں کو زخمی نہیں کرتے۔
"زخمی لوگ زخم بانٹتے ہیں مگر شفا یافتہ لوگ محبت بانٹتے ہیں۔"
وقت کا تقاضا یہ ہے کہ عورت دوسری عورت کو اپنا حریف نہیں بلکہ اپنا ساتھی سمجھے کیونکہ جب عورت عورت کا سہارا بن جائے گی تو صرف ایک رشتہ نہیں، پوری نسل بدل سکتی ہے۔
میدان عرفات میں حضرت محمدﷺ نے جو خطبہ حج دیا تھا۔ آئیے اس خطبے کے اہم نکات کو دہرا لیں، کیونکہ ہمارے نبی نے کہا تھا، میری ان باتوں کو دوسروں تک پہنچائیں۔
*۱*۔ اے لوگو! سنو، مجھے نہیں لگتا کہ اگلے سال میں تمہارے درمیان موجود ہوں گا۔ میری باتوں کو بہت غور سے سنو، اور ان کو ان لوگوں تک پہنچاؤ جو یہاں نہیں پہنچ سکے۔
*۲*۔ اے لوگو! جس طرح یہ آج کا دن، یہ مہینہ اور یہ جگہ عزت و حرمت والے ہیں۔ بالکل اسی طرح دوسرے مسلمانوں کی زندگی، عزت اور مال حرمت والے ہیں۔ (تم اس کو چھیڑ نہیں سکتے )۔
*۳*۔ لوگو کے مال اور امانتیں ان کو واپس کرو،
*۴*۔ کسی کو تنگ نہ کرو، کسی کا نقصان نہ کرو۔ تا کہ تم بھی محفوظ رہو۔
*۵*۔ یاد رکھو، تم نے اللہ سے ملنا ہے، اور اللہ تم سے تمہارے اعمال کی بابت سوال کرے گا۔
*٦*۔ اللہ نے سود کو ختم کر دیا، اس لیے آج سے سارا سود ختم کر دو (معاف کر دو)۔
*۷*۔ تم عورتوں پر حق رکھتے ہو، اور وہ تم پر حق رکھتی ہیں۔ جب وہ اپنے حقوق پورے کر رہی ہیں تم ان کی ساری ذمہ داریاں پوری کرو۔
*۸*۔ عورتوں کے بارے میں نرمی کا رویہ قائم رکھو، کیونکہ وہ تمہاری شراکت دار (پارٹنر) اور بے لوث خدمت گذار رہتی ہیں۔
*۹*۔ کبھی زنا کے قریب بھی مت جانا۔
*۱۰*۔ اے لوگو! میری بات غور سے سنو، صرف اللہ کی عبادت کرو، پانچ فرض نمازیں پوری رکھو، رمضان کے روزے رکھو، اورزکوۃ ادا کرتے رہو۔ اگر استطاعت ہو تو حج کرو۔
*۱۱* ۔زبان کی بنیاد پر, رنگ نسل کی بنیاد پر تعصب میں مت پڑ جانا, کالے کو گورے پر اور گورے کو کالے پر, عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر کوئی فوقیت حاصل نہیں, ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے۔ تم سب اللہ کی نظر میں برابر ہو۔
برتری صرف تقوی کی وجہ سے ہے۔
*۱۲*۔ یاد رکھو! تم ایک دن اللہ کے سامنے اپنے اعمال کی جوابدہی کے لیے حاضر ہونا ہے،خبردار رہو! میرے بعد گمراہ نہ ہو جانا۔
*۱۳*۔ یاد رکھنا! میرے بعد کوئی نبی نہیں آنے والا ، نہ کوئی نیا دین لایا جاےَ گا۔ میری باتیں اچھی طرح سے سمجھ لو۔
*۱۴*۔ میں تمہارے لیے دو چیزیں چھوڑ کے جا رہا ہوں، قرآن اور میری سنت، اگر تم نے ان کی پیروی کی تو کبھی گمراہ نہیں ہو گے۔
*۱۵*۔ سنو! تم لوگ جو موجود ہو، اس بات کو اگلے لوگوں تک پہنچانا۔ اور وہ پھر اگلے لوگوں کو پہنچائیں۔اور یہ ممکن ہے کو بعد والے میری بات کو پہلے والوں سے زیادہ بہتر سمجھ (اور عمل) کر سکیں۔
*پھرآسمان کی طرف چہرہ اٹھایا اور کہا*،
*۱٦*۔ اے اللہ! گواہ رہنا، میں نے تیرا پیغام تیرے لوگوں تک پہنچا دیا۔
: اللہ تعالیٰ ہمیں ان لوگوں میں شامل کرے، جو اس پیغام کو سنیں/پڑھیں اور اس پر عمل کرنے والے بنیں۔ اور اس کو آگے پھیلانے والے بنیں۔ اللہ ہم سب کو اس دنیا میں نبی رحمت کی محبت اور سنت عطا کرے، اور آخرت میں جنت الفردوس میں اپنے نبی کے ساتھااکٹھا کرے، آمین۔
"المجالس بالأمانة" گفتگو، رازداری اور نقلِ کلام کے اصول": ایک فکری و معاشرتی جائزہ
✍🏻: مولانا ہارون سیف اعوان
فاضل جامعہ اشرفیہ، ایم فل اسلامک اسکالر، سپیریئر یونیورسٹی، لاہور۔
المجالس بالامانة... الحدیث
ترجمہ: مجلس کی بات امانت ہے.
وضاحت: مجلس کی بات امانت ہے ورنہ نتیجہ تعلق کی موت ہے۔
اجمال: پوری محفل کی سب باتوں کو ترتیب سے اور تقاضوں کے مطابق پوری سچائی سے پہنچانا ہی دراصل امانت داری ہے اور جس انداز میں محفل کی بات ہوتی ہے اسی انداز میں اسی بات کو آگے نقل کرنا ہی دراصل بھلائی ہے اور جتنے لوگوں میں راز کی بات کی جائے تو اتنے لوگوں میں بات رکھنا ہی دراصل رازداری ہے اور جب بات سرعام محفل میں کردی جائے تو اس بات کو آگے پھیلانا ہی دراصل مقصود ہوتا ہے۔
اجمال کی تفصیل: پوری محفل کی سب باتوں کو ترتیب سے اور تقاضوں کے مطابق پوری سچائی سے پہنچانا ہی دراصل امانت داری ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کسی محفل کی گفتگو کو آگے بیان کرنے کی ضرورت پیش آئے تو اس میں کسی قسم کی کمی بیشی، تحریف، مبالغہ یا ذاتی رائے شامل نہ کی جائے بلکہ جو بات جس ترتیب اور حقیقت کے ساتھ کہی گئی ہو اسی طرح بیان کی جائے۔ امانت داری کا تقاضا یہی ہے کہ بات کو اس کے اصل مفہوم کے مطابق منتقل کیا جائے۔
اور جس انداز میں محفل کی بات ہوتی ہے اسی انداز میں اسی بات کو آگے نقل کرنا ہی دراصل بھلائی ہے۔ اگر محفل میں سنجیدہ گفتگو ہوئی ہو تو اسے سنجیدگی کے ساتھ اور اگر مزاحیہ انداز میں کوئی بات ہوئی ہو تو اسے اسی تناظر میں بیان کیا جائے۔ انداز کی تبدیلی بعض اوقات مفہوم کو بدل دیتی ہے اور غلط فہمیوں کو جنم دیتی ہے، اس لیے اصل لہجہ اور سیاق و سباق محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
اور جتنے لوگوں میں راز کی بات کی جائے تو اتنے لوگوں میں بات رکھنا ہی دراصل رازداری ہے۔ یعنی اگر کوئی بات محدود افراد کے درمیان کہی گئی ہو تو اسے اسی محدود دائرے میں رکھنا چاہیے۔ راز کی حفاظت اعتماد کی بنیاد ہے اور اس کی خلاف ورزی تعلقات میں دراڑ پیدا کر سکتی ہے۔
اور جب بات سرعام محفل میں کردی جائے تو اس بات کو آگے پھیلانا ہی دراصل مقصود ہوتا ہے۔ کیونکہ عوامی محفل میں کہی جانے والی بات عام لوگوں تک پہنچانے ہی کے لیے ہوتی ہے، اس لیے ایسی بات کو بیان کرنا امانت کے خلاف نہیں ہوتا۔
مثال کے طور پر ایک تعلیمی نشست میں ادارے کے سربراہ نے اساتذہ کے سامنے آئندہ پروگرام کی تفصیلات بیان کیں اور ساتھ ہی چند انتظامی امور صرف متعلقہ کمیٹی کے ارکان تک محدود رکھنے کی ہدایت کی۔ اس صورت میں پروگرام کی عمومی معلومات دوسروں تک پہنچانا درست ہے، لیکن کمیٹی کے لیے مخصوص امور کو اسی دائرے میں رکھنا رازداری ہے۔ اسی طرح اگر سربراہ نے خوشگوار انداز میں کوئی مزاحیہ جملہ کہا ہو تو اسے سنجیدہ الزام بنا کر پیش کرنا امانت داری کے خلاف ہوگا۔ یوں سچائی، اصل انداز، رازداری اور سیاق و سباق کی حفاظت ہی مجلس کی امانت کا حقیقی مفہوم ہے۔
محفل کی مختلف نوعیت کی اقسام اور انکی مختصر وضاحت درج ذیل ہے:
1۔ خفیہ و رازدارانہ محفل
ایسی محفل جس میں نجی، حساس یا راز کی باتیں کی جائیں، ان باتوں کو محفل کے دائرے سے باہر منتقل کرنا امانت کے خلاف ہے۔
2۔ پر تکلف یا بے تکلف محفل
پر تکلف محفل میں رسمی انداز اور بے تکلف محفل میں دوستانہ انداز غالب ہوتا ہے، لہٰذا بات کو اسی ماحول اور لہجے کے مطابق آگے بیان کرنا چاہیے۔
3۔ متانت و سنجیدگی والی محفل
اس محفل میں اہم اور فکر انگیز موضوعات زیرِ بحث آتے ہیں، اس لیے ان کی نقل میں سنجیدگی اور وقار برقرار رکھنا ضروری ہے۔
4۔ مزاح و مذاق والی محفل
اس قسم کی محفل میں باتیں خوش طبعی اور تفریح کے انداز میں ہوتی ہیں، لہٰذا انہیں غلط مفہوم یا سنجیدہ رنگ دے کر بیان نہیں کرنا چاہیے۔
5۔ عزت و ذلت والی محفل
اگر محفل میں کسی کی تعریف، تنقید، عزت افزائی یا تحقیر کی بات ہو تو اسے نقل کرتے وقت عدل، احتیاط اور امانت داری لازم ہے۔
6۔ توجہ و انہماک والی محفل
ایسی محفل میں شرکاء پوری یکسوئی کے ساتھ گفتگو سنتے اور سمجھتے ہیں، اس لیے اس کے مندرجات کو درست انداز میں منتقل کرنا ضروری ہے۔
7۔ بے دلی و نظر انداز والی محفل
اس محفل میں توجہ کم ہوتی ہے اور بعض باتیں غیر اہم سمجھی جاتی ہیں، لہٰذا ادھوری یا غیر مصدقہ باتوں کو آگے پھیلانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
8۔ تماش بینی و تماش گیری والی محفل
ایسی محفل میں لوگ زیادہ تر مشاہدہ، دلچسپی یا تفریح کے لیے شریک ہوتے ہیں، اس لیے باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کرنا امانت کے منافی ہے۔
9۔ بے حیثیت یا حیثیت والی محفل
کبھی محفل کے شرکاء عام افراد ہوتے ہیں اور کبھی بااثر شخصیات، لیکن امانت داری کا اصول دونوں صورتوں میں یکساں رہتا ہے۔
10۔ جانبدارانہ یا غیر جانبدارانہ محفل
جانبدارانہ محفل میں ایک خاص رائے یا فریق کی حمایت پائی جاتی ہے جبکہ غیر جانبدارانہ محفل میں توازن ملحوظ رکھا جاتا ہے، اس لیے نقلِ کلام میں اس فرق کا لحاظ ضروری ہے۔
11۔ فکرمندی یا پریشانی والی محفل
اس قسم کی محفل میں لوگ اپنے مسائل، دکھ یا پریشانیاں بیان کرتے ہیں، لہٰذا ان کی باتوں کو راز اور امانت سمجھنا چاہیے۔
12۔ پر خلوص یا نفاق والی محفل
پر خلوص محفل میں خیر خواہی اور اخلاص ہوتا ہے جبکہ نفاق والی محفل میں ظاہر و باطن کا فرق پایا جاتا ہے، اس لیے حقیقت کو سمجھ کر ہی بات آگے منتقل کی جائے۔
13۔ یک جہت، دو جہت اور کئی جہات والی محفل
کبھی گفتگو ایک ہی موضوع تک محدود ہوتی ہے، کبھی دو اور کبھی متعدد موضوعات پر مشتمل ہوتی ہے، اس لیے بات کو مکمل سیاق و سباق کے ساتھ بیان کرنا ضروری ہے۔
14۔ ایک طرفہ یا دو طرفہ محفل
ایک طرفہ محفل میں ایک شخص یا فریق زیادہ گفتگو کرتا ہے جبکہ دو طرفہ محفل میں باہمی تبادلۂ خیال ہوتا ہے، لہٰذا نقلِ گفتگو میں تمام متعلقہ پہلوؤں کو شامل کرنا چاہیے۔
Pull down to refresh