Default Profile

Fareed

@username

No bio available.

2
Posts
1
Followers
0
Following

📜رزق کی تلاش اور بندگی کا سفر: ایک مخلصانہ دعوتِ فکر

مدارسِ دینیہ سے وابستہ عزیز طلبہ و طالبات، لائقِ صد احترام علماء و عالمات اور مفتیانِ کرام!آج کے ڈیجیٹل دور میں جب ہم سوشل میڈیا کا رخ کرتے ہیں، تو وہاں اپنے ہی ان قیمتی ہیروں (دینی وعلمی حلقوں سے وابستہ افراد) کو متحرک دیکھ کر خوشی بھی ہوتی ہے اور دل میں ایک مخلصانہ فکر بھی جاگتی ہے۔ موجودہ دور میں آن لائن دنیا، فری لانسنگ اور سوشل میڈیا کے ذریعے حلال رزق کمانا یقیناً ایک بہترین صلاحیت ہے، لیکن کہیں ایسا تو نہیں کہ اکاؤنٹ ریچ، ویوز اور تشہیر کی اس تیز رفتار دوڑ میں ہم اس اعلیٰ مقصد کو بھول بیٹھے ہوں جو مدارس کی نورانی فضاؤں میں ہمارے دلوں میں راسخ کیا گیا تھا؟قرآنِ کریم ہمیں زندگی کی ترجیحات کا ایک خوبصورت توازن سکھاتا ہے۔ سورہ الملک (آیت:15) میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:"فَامْشُوا فِي مَنَاكِبِهَا"ترجمہ: تو تم اس کے راستوں میں چلو۔غور فرمائیے کہ جب معاملہ دنیا اور حصولِ رزق کا ہو، تو ربِ کریم نے "فَامْشُوا"(پس چلو) فرمایا،لیکن اس کے برعکس، جب بندگی، آخرت اور اپنی یاد کی طرف بلایا، تو سورہ الجمعہ (آیت:9) میں ارشاد فرمایا:"فَاسْعَوْا إِلَى ذِكْرِ اللَّهِ"ترجمہ: تو اللہ کے ذکر کی طرف دوڑو۔آج کا ڈیجیٹل ماحول لاشعوری طور پر ہماری ترجیحات کو الٹ پلٹ کر رہا ہے۔ ہم رزق اور دنیاوی پہچان کے لیے تو پوری جان لگا کر دوڑ رہے ہیں، لیکن ذکرِ الٰہی، اخلاص اور باطنی ترقی کے معاملے میں ہماری رفتار دھیمی ہوتی جا رہی ہے۔آپ اس امت کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ فری لانسنگ کیجیے، جدید مہارتیں سیکھیے، لیکن اپنی تحاریر اور ویڈیوز میں "خود نمائی" کے بجائے "رضائے الٰہی" کو مقصد بنائیے۔ رزق کو ضرورت سمجھیے، مگر دوڑ ہمیشہ آخرت ہی کی طرف رکھیے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو دنیا کی کامیابی کے ساتھ آخرت کی فلاح نصیب فرمائے۔ آمین۔
از: مفتی محمد فرید سعیدیؔ

ہفتہ، 6 جون 2026ء، اسلام آباد

رزق کی تلاش اور بندگی کا سفر: ایک مخلصانہ دعوت فکر
You’ve reached the end.